اردو کے نفاذ ہی سے پاکستان مستحکم ہوگا،محمد حسین محنتی

35

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ اردو کا نفاذ کر کے ہی ہم پاکستان کو مستحکم اور مضبوط بنا سکتے ہیں۔اردو نے پوری قوم کو ایک لڑی میں پرویا ہوا ہے۔آئین پاکستان کی دفعہ 251اور عدالت عظمیٰ کے جسٹس جواد ایس خواجہ کے فیصلے کے مطابق اردو کو ہرسطح پر فوری طور پر نافذ کیا جائے۔یہ بات انہوں نے تحریک نفاذ اردو پاکستان کے منتظم اعلیٰ محمد قاسم جمال سے قبا آڈیٹوریم میں خصوصی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔قاسم جمال نے محمد حسین محنتی کو آگاہ کیا کہ 8ستمبر کو عدالت عظمیٰ نے نفاذ اردو کا تاریخی فیصلہ دیا تھا لیکن اب تک اردو کا نفاذ نہیں کیا گیا ہے اور پاکستان کی بیورو کریسی اور حکمران طبقہ اردو کے نفاذ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔تحریک نفاذ اردو ملک بھر میں نفاذ اردو کے لیے جدوجہد کررہی ہے اور یکم ستمبر سے 10ستمبر تک عشرہ نفاذ اردو منایا جارہا ہے۔محمد حسین محنتی نے تحریک نفاذ اردو کے تحت عشرہ نفاذ اردو منائے جانے پر خوشی اور مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ نفاذ اردو کے لیے سب کو مل کر جدوجہد کرنا چاہیے۔جماعت اسلامی ملک میں اردو کے نفاذ کی سب سے بڑی سپورٹ ہے۔عالمی سطح پر دین اسلام کے فروغ کے لیے بھی سب سے زیادہ کتابیں شائع ہوئی ہے۔نفاذ اردو کی جدوجہد میں جماعت اسلامی تحریک نفاذ اردو کے ساتھ ہے اور مرحوم ڈاکٹر مبین اختر نے نفاذ اردو کی جدوجہد کے لیے بھرپور طریقے سے کام کیا ہے اور ان کے جانشین سید صلاح الدین اختر اور قاسم جمال کے مشن کو اللہ تعالیٰ پایہ تکمیل تک پہنچائے گے۔