الخدمت کے تحت یوم دِفاع بھرپورانداز سے منایاگیا

103

کراچی(اسٹاف رپورٹر) الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے تحت 6 ستمبر کویوم دفاع بھرپورانداز سے منایاگیا۔ تفصیلات کے مطابق الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت حیدرآباد،مٹیاری، سکھر،نوابشاہ، تھرپارکراورٹنڈومحمد خان سمیت تمام آغوش ہومز اور اسٹڈی سینٹرز میں یوم دفاع کی مناسبت سے تقریبات کا اہتمام کیاگیا۔ 6ستمبر کو ہونے والی تقریبات میں باہمت بچوں نے تقریری مقابلوں اور ٹیبلوز میں حصہ لیا۔ بچوں نے دفاعِ وطن کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا۔ بچوں نے اپنے وطن کی تعمیروترقی اور اس کی حفاظت کے لیے اپنی جان کی بازی لگانے کا عزم بھی کیا۔اس موقع پر مقررین کا کہناتھاکہ قائد اعظم محمد علی جناح کی انتھک کوششوں کے نتیجے میں14اگست 1947ء کو پاکستان وجودمیں آیا اور6ستمبر 1965ء کو ہمارے فوجی جوانوں نے اس ملک کا دفاع یقینی بنایا۔مقررین کا مزیدکہناتھاکہ ملک کی خاطردشمن کوخاک چٹانے اور اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے ہمارے قومی ہیروہیں۔ہمیں اپنے وطن سے پیارہے ،ہم اپنی پاک سرزمین کی ترقی اور دفاع کی خاطرہرطرح کی قربانی دینے کے لیے تیارہیں۔مقررین کا کہناتھاکہ ایک جانب الخدمت اپنے وطن کو سرسبزوشاداب بنانے کے لیے کوشاں ہے تو دوسری جانب بنوقابل پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ہنرمندبنایاجارہاہے۔اس کے علاوہ والد کے سائے سے محروم بچوں کی تعلیم وتربیت کا اہتمام کیاجارہاہے جبکہ مستحق خاندانوں کومستقبل بنیاد پر راشن اورطبی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔