شہری گاڑیوں کی مکمل فٹنس کا خیال رکھیں، مریم اورنگزیب

41

لاہور (آن لائن) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہری گاڑیوں کی مکمل فٹنس کا خیال رکھیں، ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی پرانی گاڑیوں پر زیروٹالرنس ہے۔ سموگ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ لاہور کافی حد تک سموگ سے متاثر ہورہا ہے، لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد تک پہنچ چکا ہے،3 ماہ کے دوران لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد تک گیا۔ انہوں نے کہا کہ سموگ کی وجہ سے تعلیم، معیشت اور صحت متاثر ہوتی ہے، سموگ لاہور میں جمع ہوتی ہے اور سردیوں میں معمولات زندگی متاثر کرتی ہے، لاہور میں سموگ کا انڈیکس ساڑھے 400 تک بھی گیا ہے، پچھلے ادوار میں سموگ کے خاتمے کے لیے کوئی احتیاطی تدبیر نہیں اپنائی گئی۔