پاکستانی کرکٹ کا بھی زوال

151

پاکستان کی سیاست، معیشت اور سماج کے ساتھ ساتھ کھیل اور خاص طور پر کرکٹ کا زوال ہمارے سامنے ہے۔ کرکٹ کا کھیل جسے وطنِ عزیز میں بہت زیادہ پسند کیا جاتا تھا، آج نہ صرف نتائج کے اعتبار سے خراب صورتِ حال سے دوچار ہے بلکہ کھیل کے نظام میں بے قاعدگیوں اور میرٹ کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے بھی شدید تنقید کا نشانہ بنا ہوا ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی حالیہ کارکردگی، خصوصاً بنگلا دیش کے خلاف ہوم سیریز میں وائٹ واش، اور مسلسل ناکامیوں نے کھیل کے نظام میں موجود نقائص کو بے نقاب کردیا ہے۔ ناقص قیادت، غلط فیصلے اور کھلاڑیوں کی کارکردگی میں کمی اس بات کا ثبوت ہے کہ میرٹ کی اہمیت کو نظرانداز کرنے کے کیا نتائج ہوسکتے ہیں۔ گزشتہ پانچوں ٹیسٹ میچوں میں لگاتار شکست، اور آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں قومی ٹیم کی آٹھویں پوزیشن پر تنزلی، ہماری ایک اور شعبے میں تباہی کا منظر ہے۔ کھیل کے میدان میں میرٹ کی پامالی نے نہ صرف کھلاڑیوں کی کارکردگی کو متاثر کیا ہے بلکہ پوری قوم کا اعتماد بھی ٹوٹ گیا ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ میرٹ کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے اور کھلاڑیوں کو اْن کی کارکردگی اور قابلیت کی بنیاد پر موقع دیا جائے۔ صرف اسی صورت میں ہم اپنی کرکٹ اور دیگر کھیلوں کو عالمی معیار پر واپس لا سکتے ہیں۔