لاہور(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ملک میں عملی طور پر مارشل لا لگا ہوا ہے جبکہ عوام عمران خان کی رہائی چاہتی ہے۔انسداد دہشت گردی عدالت میں میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں جلسہ ایک کامیاب جلسہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ ہیں اور کل سب کو پتہ چل جائے گا کہ عوام کس کے ساتھ ہیں، نوجوانوں کی بڑی تعداد جلسہ میں شرکت کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ اس حکومت نے جمہوریت کا جو لبادہ اوڑھا ہوا ہے وہ لبادہ جلد اتر جائے گا، جب ان سے بات کرو تو وہ کہتے ہیں اوپر والوں سے بات کرنی پڑے گی، اوپر والے کون ہیں ہم تو کسی اوپر والے کو نہیں جانتے۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ہمارے خیال میں تو اوپر بس اللہ تعالیٰ ہے،ملک میں عملی طور پر مارشل لا لگا ہوا ہے، ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے،جن کا سامنا کر رہے ہیں۔