موجودہ ملکی حالات میں جماعت اسلامی ہی عوام کی امیدوں کا مرکز ہے،منعم ظفر

119
امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، امیر ضلع ملیر محمد اسلام ، سیکر ٹری ضلع کامران نوازضلع ملیر کے تحت اجتماع کارکنان بسلسلہ ممبر سازی مہم سے خطاب کر ر ہے ہیں
امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، امیر ضلع ملیر محمد اسلام ، سیکر ٹری ضلع کامران نوازضلع ملیر کے تحت اجتماع کارکنان بسلسلہ ممبر سازی مہم سے خطاب کر ر ہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ موجودہ ملکی حالات میں جماعت اسلامی ہی عوام کی امیدوں کا مرکز ہے ،پاکستانی قوم کے پاس اب کوئی چوائس نہیں رہی ،جماعت اسلامی عوام کی حقیقی ترجمانی کا کردار ادا کر رہی ہے، حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی ملکی سیاست کو نیا رخ دے گی،الزامات کی سیاست کی بھرمار میں جماعت اسلامی نے عوامی ایشوز کی سیاست کو فروغ دیا ہے ،عوام کے وہ سلگتے مسائل کہ جنہوں نے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے ،جماعت اسلامی ان کی آواز بن کر کھڑی ہے اور اس پوری تحریک کی قیادت حافظ نعیم الرحمن کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع ملیر کے تحت منعقدہ اجتماع کارکنان بسلسلہ ممبر سازی مہم سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجتماع کارکنان سے امیرجماعت اسلامی ضلع ملیر محمد اسلام ،نائب امیر ضلع ملیر سید مفخر علی ،جنرل سیکرٹری کامران نواز و دیگر نے بھی خطاب کیا اور ممبر سازی مہم کے حوالے سے بریفنگ دی ۔منعم ظفر نے مزیدکہا کہ جماعت اسلامی نے ایک قومی ایجنڈا تشکیل دیا ہے جس کے حوالے سے ممبر سازی کی جا رہی ہے اور پاکستان بھر سمیت کراچی کی عوام کو اس قومی ایجنڈے پر اکٹھا کر رہے ہیں اور عوام کے اتحاد سے قبضے اور فارم 47 کی سیاست کرنے والوں سے نجات حاصل کریں گے عوام کو حقوق دلائیں گے،کراچی شہر جو کھنڈرات میں تبدیل ہوتا جا رہا ہے سب سے زیادہ ریونیو دینے والا شہر اپنی حالت پر خود نوحہ کناں ہے۔عوام کو بنیادی ضروریات پانی بجلی گیس تک سے محروم کیا جا رہا ہے ،کے الیکٹرک پورے ملک میں سب سے زیادہ مہنگی ترین بجلی فروخت کررہا ہے ، شہری بجلی کے بھاری بلوں اور تباہ حال انفرااسٹرکچر سے پریشان ہیں ، مائیں اپنے زیور فروخت کر کے بجلی کے بھاری بل ادا کرنے پر مجبور ہیں ،ایم کیوا یم جس نے ہمیشہ کے الیکٹرک کی سرپرستی کی اور اب ٹوکن احتجاج کر کے کے الیکٹرک کے ساتھ اپنے معاملات ٹھیک کرنا چاہتی ہے ۔سندھ حکومت اختیارات کو ٹاؤنز اور یوسیز تک منتقل کرنے پر تیار نظر نہیں آتی۔عوام کے حق کی اس جنگ کو ہر محاذ پر لڑیں گے اور یہ تحریک جا ری رہے گی۔کارکنان گلی محلوں بازاروں چوکوں چوراہوں پر جائیں عوام الناس سے رابطہ کریں بالخصوص نوجوانوں کو جمع کریں ممبر بنائیں۔ان شاء اللہ جماعت اسلامی ہی کا اس شہر میں اور ملک میں مستقبل ہے ۔محمد اسلام نے کہا کہ ممبر سازی مہم پر بھرپور کام کیا جائے گا ڈور ٹو ڈور مہم چلائیں گے ،چوکوں اور چوراہوں پر کیمپس لگائیں گے ،بازاروں میں ارکان نکلیں گے ،لوگ جماعت اسلامی کی طرف دیکھ رہے ہیں اور ہم اس شہر کے لوگوں کو مایوس نہیں کریں گے ،ان کے حق کے لیے کھڑے ہوں گے۔