مسئلہ کشمیر ہو یا فلسطین پاکستان اپنی ذمے داریاں ادا کرتا رہے گا،اسحٰق ڈار

127

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ہو یا فلسطین، پاکستان اپنی ذمہ داریاں ادا کرتا رہے گا۔ لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے ساتھ پاکستان کے بہترین تعلقات ہیں، برطانیہ کا دورہ بہت کارآمد اورمفید رہا ہے، برطانوی نائب وزیراعظم اور دیگر رہنماؤں سے مفید ملاقاتیں ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ 17لاکھ پاکستانی برطانیہ میں مقیم ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کوپارلیمنٹ میں نمائندگی دیناہمارے ایجنڈے میںہے، اوورسیزپاکستانیوں کوسہولتوں کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر ہو یا فلسطین، پاکستان اپنی ذمہ داریاں ادا کرتا رہے گا، اسلاموفوبیاکی روک تھام کے لیے بھی پاکستان نے ہر فورم پرآواز اٹھائی، پاکستان نے فلسطینیوں کے لیے مصر اور اردن کے ذریعے امدادی سامان بھجوایا، پاکستان نے فلسطینی طلبہ کومیڈیکل کی تعلیم جاری رکھنے کے لیے اپنے ملک میں داخلہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں پی آئی اے سے متعلق ایک وزیر کے غیر ذمہ دارانہ بیان سے صورتحال خراب ہوئی، پروازوں کی بحالی کے معاملے پر یورپی یونین سے بھی گفتگوجاری ہے، پروازوں کی بحالی کے لیے تمام تراقدامات کیے جارہے ہیں۔نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہوابازی کے شعبے میں عالمی معیارات کی پاسداری کے لیے پرعزم ہیں، ہوابازی کے شعبے کی ترقی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کاوشیں کی جارہی ہیں، پہلے مرحلے میں اسلام آباد ائرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کی جارہی ہے، یکم اکتوبر کوپی آئی اے کی بولی آرہی ہے۔وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان 182 ملکوں کی حمایت سے 2 سال کے لیے سلامتی کونسل کاغیرمستقل رکن منتخب ہوا ہے، 12سال پہلے ہم ایک ووٹ سے جبکہ اس بار ہم 182ووٹوں سے کامیاب ہوئے، مشرق وسطی میں پائیدار امن دو ریاستی حل سے ہی ممکن ہے۔