مہمند ایف سی ہیڈکوارٹرز پر حملہ ناکام،4 دہشت گرد مارے گئے،لکی مروت میں فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید

91

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) سیکورٹی فورسز نے مہمند میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 4 دہشت گردوں نے 6 ستمبر کو علی الصبح مہمند میں ایف سی ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ سیکورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں 4 خود کش بمبار مارے گئے۔ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق فائرنگ لکی مروت کے علاقے مستی خیل میں کی گئی۔ بنوں صدر تھانہ میں تعینات کانسٹیبل عبدالرحمٰن چھٹی کے بعد اپنے گھر جا رہا تھا کہ ملزمان نے فائرنگ کردی۔ فائرنگ سے شہید پولیس اہلکار کی نمازجنازہ پولیس لائن لکی مروت میں ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں پاک فوج اور پولیس کے افسران، جوانوں اور لواحقین نے شرکت کی، شہید کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مہمند میں ایف سی ہیڈ کوارٹرز پر دہشت گردوں کے حملے کی کوشش ناکام بنانے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز نے تاریکی میں حملہ کرنے والے بزدل دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا۔