عمر ایوب کا بطور سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی استعفا منظور

239

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے عمر ایوب کا بطور سیکرٹری جنرل استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔

عمر ایوب نے 27 جون کو سیکرٹری جنرل  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد انہوں نے چیئرمین مرکزی فنانس بورڈ پی ٹی آئی کے عہدے سے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔ استعفے میں اپوزیشن لیڈر کی ذمہ داریاں اور کیسز میں عدالت پیشیاں سمیت دیگر وجوہات بیان کی گئی ہیں۔

عمر ایوب نے خط میں کہا تھا کہ میں بطور کارکن پی ٹی آئی بانی چیئرمین کے ساتھ کام جاری رکھوں گا، میں نے شبلی فراز کو بانی پی ٹی آئی تک استعفا پہنچانے کا کہا تھا ،مئی 2023 سے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل کے طور پر خدمات انجام دینا باعث اعزاز رہا۔

انہوں نے خط میں کہا کہ بےحد مشکور ہوں کہ آپ نے مجھ پر اعتماد کیا، پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے خدمات کا موقع دیا گیا ،شاندار سپورٹ پر سینیٹر شبلی فراز، کورکمیٹی اور تنظیمی ممبران کا شکر گزار ہوں، میں سمجھتا ہوں کہ سیکرٹری جنرل کے عہدے کے ساتھ انصاف نہیں کر سکتا اس لیے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے عمر ایوب کا بطور سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔