صدر مملکت نے پر امن اجتماع و امن عامہ بل 2024 پر دستخط کر دیئے

324
Public Order Bill 2024

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے پر امن اجتماع و امن عامہ بل 2024 پر دستخط کر دیئے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی ذرائع کہنا ہے کہ صدر مملکت آصف زرداری کی جانب سے دستخط کرنے کے بعد پرامن اجتماع و امن عامہ بل قانون کی شکل اختیار کرگیا ہے۔

صدر کے دستخط کے بعد سمری قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو موصول ہوگئی اور پرامن اجتماع و امن عامہ کا قانون فوری طور پر نافذ العمل ہوگیا ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے گزٹ نوٹیفکیشن کیلئے ایم ڈی پرنٹنگ کارپوریشن کو خط بھی ارسال کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پر امن اجتماع و امن عامہ بل کے مطابق اسلام آباد میں بغیراجازت جلسے یا اجتماع پر تین سال کی قید ہوگی اور دوسری بار غیرقانونی جلسے یا اجتماع پر10 سال قید کی سزا ہوگی۔

جلسے کی مختص جگہ موضع سنگجانی یا کوئی اور حکومت کا مختص کردہ علاقہ ہوگا جبکہ اجازت کے بعد بھی ہونے والے جلسے کو پولیس افسر کسی بھی وقت منتشر کرا سکے گا۔

ڈپٹی کمشنر اجازت دیں گے نہیں ملتی تو چیف کمشنر سے اپیل کی جاسکے گی اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ مختص علاقے کے علاوہ کہیں اور جلسے کی اجازت نہیں دے گا۔

حکومت اسلام آباد کے کسی مخصوص علاقے کو ریڈ زون یا ہائی سیکیورٹی زون قرار دے سکتی ہے۔