اسرائیلی اخبار نے عمران خان کو پاکستان اسرائیل تعلقات کیلیے موزوں شخصیت قرار دے دیا

263

اسرائیلی اخبار “ٹائمز آف اسرائیل” نے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو اسرائیل اور پاکستان کے درمیان تعلقات کے لیے بہترین امیدوار قرار دے دیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی اخبار کا کہنا تھا پاکستان نے طویل عرصے سے فلسطینیوں کی تحریک آزادی کی مضبوط ترین حمایت کی ہے، جو پاکستانی معاشرے اور آئین میں گہرائی سے جڑی ہوئی ہے اور ہر بین الاقوامی فورم پر فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھی ہے۔

“ٹائمز آف اسرائیل” کے مطابق عمران خان کے گولڈ اسمتھ فیملی خاص طور پر جمائمہ گولڈ اسمتھ سے ازدواجی تعلق کی بنا پر وہ دونوں ممالک کے تعلقات میں تبدیلی لا سکتے ہیں۔

“ٹائمز آف اسرائیل” کے آرٹیکل میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے دور اقتدار میں خارجہ تعلقات میں عملی نقطہ نظر کو اپنایا گیا۔عمران خان اسرائیل کے بارے میں پاکستان کے مؤقف پر نظرثانی کے لیے زیادہ کھلے ہو سکتے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کی امید ہے۔

اخبار کے آرٹیکل میں مزید کہا کہ اسرائیل اور اس کے اتحادیوں کو یقین دہانی کرنی چاہیے کہ بانی پی ٹی آئی کو پاکستانی سیاست میں حصہ لینے کی مکمل آزادی حاصل ہو تاکہ وہ دونوں ممالک کے تعلقات میں ممکنہ بہتری کے لیے کردار ادا کر سکیں۔