اترپردیش: بھیڑیے کے خوف میں مبتلا عوام نے کتے کو بھیڑیا سمجھ کر مار دیا

225

بھارت کی ریاست اترپردیش میں بھیڑیوں کے حملوں سے خوف زدہ عوام نے ایک کتے کو بھیڑیا سمجھ کر جان سے مار ڈالا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یادو پور گاؤں میں ایک 65 سالہ شخص اور اس کے 4 سالہ پوتے پر ایک کتے نے حملہ کیا جسے گاؤں والوں نے بھیڑیا سمجھ کر مار ڈالا۔

ڈویژنل فارسٹ آفیسر کے مطابق جب محکمہ جنگلات کے افسران نے تحقیقات کیں تو معلوم ہوا کہ یہ جانور بھیڑیا نہیں بلکہ ایک عام کتا تھا۔ گاؤں میں بھیڑیے کے کوئی ایسے نشان نہیں ملے جس سے معلوم ہوسکے یہ بھیڑیا تھا۔

یاد رہے کہ اس علاقے میں مارچ سے بھیڑیوں کے حملے جاری ہیں اور جولائی سے اب تک ان حملوں میں 7 بچوں سمیت 8 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ درجنوں افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

بارش کے موسم میں بھیڑیوں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے مقامی لوگوں میں شدید خوف پایا جاتا ہے۔