کراچی : اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئے کرنسی نوٹوں کی سیریز کے آرٹ مقابلے کے نتائج کا اعلان کر دیا، جس میں خواتین نے نمایاں کامیابی حاصل کی۔
مقابلے کے نتائج کے مطابق، پہلے نمبر پر آنے والے 5 بینک نوٹ خواتین آرٹسٹوں نے ڈیزائن کیے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 10 کامیاب ڈیزائن میں سے 6 خواتین کی تخلیق ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے آرٹ مقابلے میں 10، 100، 500، 1000 اور 5000 کے نوٹ خواتین نے ڈیزائن کیے، جبکہ 20 اور 50 کے نوٹ مرد آرٹسٹوں کی تخلیق ہیں۔
اسٹیٹ بینک نے آرٹ مقابلے کے فاتحین اور تمام شرکاء کو مبارکباد پیش کی اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔
مقابلے میں دوسرا نمبر حاصل کرنے والے 500 روپے کا نوٹ بھی ایک خاتون آرٹسٹ کی تخلیق ہے، جبکہ 10 اور 5000 روپے کے دوسرے نمبر پر آنے والے ڈیزائن مرد آرٹسٹوں نے تیار کیے۔
زیادہ تر ڈیزائنرز نے اپنے نوٹوں میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی تصویر شامل کی ہے، جبکہ بعض نے مادرِ ملت فاطمہ جناح کو بھی خراج تحسین پیش کیا ہے۔
10 روپے کے نوٹ کے مقابلے میں پہلی پوزیشن ڈاکٹر شیری عابدی نے حاصل کی جبکہ مرزا سفیان اسی کرنسی نوٹ کے ڈیزائن میں دوسرے نمبر پر رہے۔