1965 کی جنگ کے 7 ستمبر کے فضائی معرکے کی یاد میں آج یوم فضائیہ منایا جا رہا ہے

152

شہداء کی قربانیوں کا یادگار دن آج منایا جا رہا ہے جو 7 ستمبر 1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ کے تاریخی فضائی معرکے کی یادگار ہے۔

اس دن پاک فضائیہ کے بہادر جوانوں نے جرات، شجاعت اور پیشہ ورانہ مہارت کی ایسی مثال قائم کی کہ پوری قوم کو فخر محسوس ہوا۔

پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کی سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے اپنی بہادری کا لوہا منوایا۔ اسی دن کی مناسبت سے ملک بھر میں مختلف تقاریب منعقد کی جا رہی ہیں، جن میں شہید پائلٹ آفیسر راشد منہاس کو خاص طور پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

ائیر وائس مارشل عامر شہزاد نے راشد منہاس کی قبر پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی جبکہ پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں پاک فضائیہ کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا ۔

انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شاہینوں کی بے مثال جرات پر فخر کرتی ہے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کی فضائیہ کی قربانیاں قوم کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ راشد منہاس کی بے پناہ جرأت اور ایم ایم عالم کے شاندار کارنامے ہماری قومی تاریخ میں سنہری حروف سے درج ہیں۔ ان کی قربانیاں اور کارنامے قوم کے لیے ایک روشن مثال ہیں۔