نیشنل ایکشن پلان کی طرز پر پنجاب میں ایکشن پلان مرتب کرنے کا فیصلہ

118

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کی طرز پر صوبائی ایکشن پلان مرتب کرنے کا فیصلہ کر لیا جس میں ڈیجیٹل دہشت گردی، دہشت گردی کی فنانسنگ اور فیک نیوز کی روک تھام اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں دہشت گردی کی لہر کے پیش نظر پنجاب حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کی طرز پر صوبائی ایکشن پلان مرتب کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس سلسلے میں محکمہ داخلہ اور آئی جی پنجاب کو ایک ماہ کا وقت دے دیا۔اس پیشرفت سے باخبر ذرائع نے بتایا کہ صوبائی ایکشن پلان میں ڈیجیٹل دہشت گردی، دہشت گردی کی فنانسنگ اور فیک نیوز کی روک تھام ترجیحات میں شامل ہے۔ اس کے علاوہ مدارس کی جیو ٹیگنگ، سینٹرل ڈیٹا بیس سسٹم اور اسلحہ کلچر کا خاتمہ بھی صوبائی ایکشن پلان کا حصہ ہوں گے۔صوبائی ایکشن پلان کے تحت جرائم پیشہ افراد کی پروفائلنگ اور شدت پسندوں کا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا اور متعلقہ محکمے صوبے میں ففتھ جنریشن ہائبرڈ وار کے انسداد کے لیے اقدامات کریں گے۔ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے محکمہ داخلہ اور آئی جی پنجاب کو 30 دن میں اقدامات کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز ہر ماہ صوبائی ایکشن پلان کا جائزہ لیں گی۔