میرپورخاص،یوم دفاع پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

182

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) ملک بھر کی طرح میرپورخاص میں بھی یوم دفاع پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، یوم دفاع پاکستان کے موقع پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے ڈویژنل کمشنر فیصل احمد عقیلی اور ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر رشید مسعود خان کی قیادت میں کمشنر کمپلیکس سے پریس کلب تک ایک شاندار ریلی نکالی گئی، میئر عبدالرؤف غوری اور دیگر نے شہداء قبرستان میں شہداء کی قبروں پر حاضری دی اور پھول چڑھائے، پبلک اسکول، ابن رشد گرلز کالج اور دیگر تعلیمی اداروں میں بھی یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے تقاریب منعقد کی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق یوم دفاع پاکستان کے موقع پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے ڈویژنل کمشنر فیصل احمد عقیلی اور ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر رشید مسعود خان کی قیادت میں کمشنر کمپلیکس سے پریس کلب تک ایک شاندار ریلی نکالی گئی ریلی میں ایڈیشنل کمشنر ون ڈاکٹر علی نواز بھوت، ایڈیشنل کمشنر ٹو سونو خان چانڈیو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون محمد علی بلوچ، اسسٹنٹ کمشنر غلام حسین کانیہوں، میونسپل کارپوریشن مختلف محکموں کے افسران، گورنمنٹ شاہ عبداللطیف کالج، گورنمنٹ دارالعلوم القاسمیہ ہائی اسکول، سینیٹ مائیکل اسکول، گورنمنٹ ماڈل کالج اور دیگر اسکولوں کے اساتذہ طلبہ و طالبات اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکا نے 6 ستمبر 1965ء کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرنے وطن عزیز کی بقا سلامتی و تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں کو سلامی پیش کرنے پاک فوج زندہ باد اور پاکستان زندہ باد کے بینرز ہاتھ میں اٹھائے رکھے تھے۔ آخر میں پاکستان کی سلامتی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا مانگی گئی یوم دفاع پاکستان کے موقع پر محکمہ سول ڈیفنس کی جانب سے شہداء پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے فوجی قبرستان میرپورخاص میں میئر عبدالرؤف غوری کی قیادت میں ڈپٹی کنٹرولر سول ڈیفنس فہیم میمن ایڈیشنل چیف وارڈن پروفیسر عبدالحمید شیخ ڈپٹی چیف وارڈرن خلیل اللہ خان سندھ ایمرجنسی ریسکیو 1122 کے انچارج بلاول مقامی کونسلر لیاقت شاہ اور دیگر نے شہداء پاک افواج کی قبروں پر گل پاشی کی ۔اس موقع پر میئر عبدالرؤف غوری نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے فوری طور پر فوجی قبرستان سے بارش کے پانی کی نکاسی اور صفائی ستھرائی کرائی گئی اور کہا کہ اس قبرستان میں 42 شہداء مدفون ہیں پبلک اسکول، ابن رشد گرلز کالج اور دیگر تعلیمی اداروں میں بھی یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے تقاریب منعقد کی گئیں۔