ملک بھر میں یوم دفاع بھرپور جوش و جذبے کیساتھ منایا گیا

135

کراچی،اسلام آباد(نمائندگان جسارت) وطن عزیز کے دفاع کےلیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرنے کےلیے ملک بھر میں یوم دفاع و شہدا بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ملک بھر میں یوم دفاع کے موقع پر دن کا آغاز
توپوں کی سلامی اور مساجد میں دعاو¿ں کے ساتھ ہوا۔مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ یوم دفاع کے موقع پرقوم کے محسنوں کو یاد کیا گیا، ریلیاں نکالی گئیں، شہدا کے مزاروں پر حاضریاں بھی دی گئیں اور ملکی یکجہتی کے پیغامات جاری کیے گئے۔یوم دفاع پر عوام اور حکمرانوں نے اپنے شہدا اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا ، صدر مملکت آصف زرداری نے کہاکہ کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کے لیے ہماری مسلح افواج ہمہ وقت تیار ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہماری افواج کا حوصلہ اور فرض سے لگن ہی پاکستان کی سلامتی کی بنیاد ہے ، عزمِ استحکام کے تحت نظرثانی شدہ نیشنل ایکشن پلان کا مقصد تمام اقسام کی دہشت گردی کا خاتمہ ہے۔اس کے علاوہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے اپنے پیغام میں کہا شہدا کی قربانیاں مضبوط، خوش حال اور پ±رامن پاکستان کے لیے جدوجہد کرنے کی ترغیب دیتی رہیں گی۔دوسری جانب لاہور میں مزارِ اقبال پر بھی یوم دفاع کی تقریب ہوئی۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے یادگارِ شہدا پر حاضری دیتے ہوئے فاتحہ خوانی کی اور پھول رکھے۔ادھر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوابی میں کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے مزار پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔کوئٹہ میں یاد گارِ شہدا پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے حاضری دی ، پھول رکھے ، شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعاکی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا جبکہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہاکہ افواج کے جوان سرحدوں پرقوم کی حفاظت کررہے ہیں، ہم شہدا کا قرض ادا نہیں کرسکتے۔ادھر شمالی وزیرستان کے اسکول میں یوم دفاع کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں طلبا نے ملی نغمے گائے، تقاریر کیں،6ستمبر کے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب میں پاک فوج کے افسران نے شرکت کی اور بچوں میں انعامات تقسیم کیے۔