کراچی ( کامرس رپورٹر )پاکستان اسٹاک مارکیٹ جمعہ کو بھی کاروباری اتار چڑھائو کے بعد محدود پیمانے پر تیزی رہی اگرچہ مسلسل دوسرے دن بھی مارکیٹ79ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کرتے ہوئے79200پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گئی تھی مگر پرافٹ ٹیکنگ کا شکار ہو نے پرمارکیٹ نئی سطح پر برقرار نہ رہ سکی اور78800پوائنٹس کی سطح پر ہی بند ہوئی ۔کاروباری تیزی سے مارکیٹ کے سرمائے میں 9ارب روپے سے زاید کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ41.66فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ۔اسٹاک ماہرین کے مطابق معیشت کی بحالی اور شرح سود میںکمی کے امکان پر اسٹا ک مارکیٹ نے رواں ہفتے کے دوران محدود پیمانے پربہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا، آٹو ،سیمنٹ اور بینک سیکٹرز کی سرگرمیاں مثبت زون میں رہیں جبکہ آئندہ ہفتے بھی مارکیٹ میں محدود پیمانے پر ہی تیزی دیکھی جا سکے گی،آئی ایم ایف پروگرام پاکستان کو ملنے پر مارکیٹ میں استحکام کا امکان نہیں ہے تاہم چین اور سعودی عرب سے قرضے ملنے یا قرض رول اوور ہونے کی صورت میں مارکیٹ کا استحکام نصیب ہو گا ۔جمعہ کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ مارکیٹ تمام دن گرین زون میں ٹریڈ کرتی رہی اور کے ایس ای100انڈیکس میں34.38پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 78863.34پوائنٹس سے بڑھ کر78897.73پوائنٹس پر بند ہوا اسی طرح کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 50743.01پوائنٹس سے بڑھ کر50814.84پوائنٹس پر جا پہنچا جبکہ کے ایس ای 30انڈیکس18.18پوائنٹس کی کمی سے 25026.05پوائنٹس سے کم ہو کر25007.87پوائنٹس پر آگیا ۔کاروباری تیزی سے مارکیٹ کے سرمائے میں9ارب 59کروڑ7لاکھ90ہزار441روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 104کھرب67ار ب 61کر وڑ 47 لاکھ 67 ہزار820روپے سے بڑھ کر104 کھرب 77 ارب 20 کروڑ 55 لاکھ58ہزار261روپے ہو گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو12ارب روپے مالیت کے74کروڑ30لاکھ72ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ جمعرات کو 14ارب روپے مالیت کے 77کروڑ5لاکھ18ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میںگذشتہ روز مجموعی طور پر 444کمپنیوں کا کاروبا ہوا جس میں سے185کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،201میں کمی اور58کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے ورلڈ کال ٹیلی کام13کروڑ32لاکھ ،پیس پاک لمیٹڈ8کروڑ9لاکھ ،فوجی فوڈز لمیٹڈ 4 کروڑ 67لاکھ ،کوہ نور اسپننگ 4 کروڑ 49 لاکھ اور پاک الیکٹرون 3کر وڑ 29 لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے ۔قیمتوں میں اتار چڑھائو کے اعتبار سے ہلمارک کمپنی لمیٹڈ کے بھائو میں 98.21 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے اسکے حصص کی قیمت 1080.33روپے ہو گئی اسی طرح 82.50 روپے کے اضافے سے نیسلے پاکستان لمیٹڈ کے حصص کی قیمت 6997.50 روپے پر جا پہنچی جبکہ یونی لیور پاکستان فوڈز لمیٹڈ کے بھائو میں 200.00روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے اسکے حصص کی قیمت 17300.00 روپے ہو گئی اسی طرح 17.22 روپے کی کمی سے فرسٹ امروز مضاربہ کے حصص کی قیمت 155.78 روپے پر آ گئی ۔