انگلینڈ نے ٹیسٹ سیریز کے شیڈول میں تبدیلی کی وضاحت طلب کر لی

221

لندن(اسپورٹس ڈیسک)انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف سیریز کے شیڈول میں کسی باضابطہ تبدیلی کے حوالے سے وضاحت طلب کرلی ہے،کراچی کے اسٹیڈیم کے تعمیراتی کاموں کی وجہ سے جگہ کی تبدیلی کی خبریں سامنے آئیں تھیں جس کے بعد پاکستان انگلینڈ سیریز کے شیڈول میں تبدیلی کے حوالے سے خبریں گردش میں ہیں،رپورٹس کے مطابق پی سی بی کی جانب سے ابو ظہبی میں بھی ایک ٹیسٹ کروانے کی رپورٹ سامنے آئی جبکہ راولپنڈی میں دو اور ملتان میں ایک ٹیسٹ کرانے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں،ٹیسٹ سیریز کے شیڈول میں تبدیلی کی خبروں کے بعد انگلینڈ کے ہیڈ کوچ برینڈن میکلم نے موجودہ صورتحال پر وضاحت طلب کر لی ہے،برینڈن میکلم نے سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کیا ہو رہا ہے ہم واقعی کچھ نہیں جانتے،انہوں نے کہا کہ ہم تب تک ٹیم کا انتخاب نہیں کر سکتے جب تک ہمیں علم نہ ہو کہ ہم کہاں کھیل رہے ہیں،انگلینڈ کے ہیڈ کوچ برینڈن میکلم کا کہنا تھا کہ یہ بہت اچھا ہو گا کہ اگلے کچھ روز میں اس حوالے سے پتہ چل جائے، جب ہمیں معلوم ہو جائے گا تب ہم مل بیٹھیں گے، ہم کنڈیشنز کے مطابق حریف ٹیم کے خلاف اچھی ٹیم بنا سکیں، دوسری جانب ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کا پہلا ٹیسٹ 7اکتوبر سے ملتان میں شیڈولڈ ہے تاہم سیریز کا از سر نو شیڈول اگلے ہفتے کے شروع میں متوقع ہے۔