کینیا : پرائمری اسکول میں آتشزدگی ‘ 17 طلبہ ہلاک

140
کینیا کے پرائمر ی اسکول میں آتشزدگی کے واقعے پر شہری افسردہ ہیں

نیروبی(انٹرنیشنل ڈیسک)کینیا میں بورڈنگ اسکول کے ہاسٹل میں خوفناک آگ بھڑک اْٹھی جس میں بری طرح جھلس کر 5 سے 12 سال کے 17 طالب علم ہلاک اور 13 شدید زخمی ہوگئے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق افسوناک سانحہ کینیا میں نیری کاؤنٹی کے ہل سائیڈ اینڈاراشا پرائمری اسکول میں پیش آیا۔ زیادہ تر لاشیں ناقابل شناخت ہیں۔زخمیوں کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی،جن میں سے 7 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پرائمری اسکول میں تقریباً 800 طلبا زیر تعلیم تھے جن میں سے اکثریت ہاسٹل میں ہی رہتی تھی۔ پولیس کی ترجمان ریسیلا اونیاگو نے بتایا کہ آگ لگنے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب کینیا کے صدر ولیم روٹو نے واقعے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق کینیا ریڈ کراس کا عملہ طلبہ، اساتذہ اور متاثرہ خاندانوں کو نفسیاتی معاونت کی خدمات فراہم کر رہا ہے اور اس نے اسکول میں ایک ٹریسنگ ڈیسک بھی قائم کیا ہے۔ واضح رہے کہ کینیا میں بورڈنگ اسکولوں کی تعداد بہت زیادہ ہے اور وہاں آگ لگنا عام سی بات ہے۔ 2016 میں نیروبی کے گرلز ہائی اسکول میں آگ لگنے سے 9 طالبات ہلاک ہو ئی تھیں۔