خوراک کی شدیدقلت: فلسطین میں حالات تباہی سے بدتر ہیں، اقوام متحدہ

228
غزہ: مغربی کنارے کے شہر طوباس میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے شہیدہونے والے افراد کے رشتے دار غمزدہ ہیں،چھوٹی تصویر میںہلال احمر کے ارکان طولکرم کے پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوجی آپریشن کے بعد ایک زخمی کو اسپتال منتقل کررہے ہیں

نیویارک /غزہ /تل ابیب /ریاض /قاہرہ (مانیٹرنگ ڈیسک)اقوام متحدہ نے فلسطین میں حالات کو تباہی سے بھی بدتر قرار دیدیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ وسطی اور جنوبی غزہ میں 10 لاکھ سے زاید افراد تک اگست کے بعد راشن یا کھانے پینے کی اشیا نہیں پہنچ سکی ہیں، غزہ میں انسانی بحران اب بھی تباہ کن ہے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان کے مطابق فلسطین میں حالات تباہی سے بدتر ہیں۔ دوسری جانب غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے ایمرجنسی پولیو ویکسی نیشن کیمپین سے جڑی میڈیکل ٹیموں کو جنوبی غزہ میں داخلے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ ادھر رات اور صبح سویرے غزہ پر اسرائیل کے تازہ حملوں میں 21 فلسطینی شہید کردیے گئے جب کہ ایک حملہ کمال عدوان اسپتال کے نزدیک کیا گیا۔واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023ء سے غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 40 ہزار 800 سے زاید فلسطینی شہید اور 94 ہزار سے زاید زخمی ہوچکے ہیں جن میں زیادہ تر تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ اسرائیلی فوج کا مقبوضہ مغربی کنارے میں آپریشن جاری ہے، صیہونی افواج نے اپنی وحشیانہ کارروائیوں میں گزشتہ 9 روز کے دوران 6 بچوں سمیت مزید 40 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔آپریشن کے دوران اسرائیلی فوج نے بلڈوزروں سے فلسطینیوں کی املاک، گاڑیوں، سڑکوں کی توڑ پھوڑ کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہوا ہے جبکہ مقبوضہ مغربی کنارے سے 4 ہزار فلسطینیوں کو جبری بے دخل کردیا گیا ہے۔ تل ابیب میں نیتن یاہو حکومت کے خلاف اسرائیلی عوام کا احتجاج پانچویں روز بھی جاری ہے۔ صحافیوں سے گفتگو میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے مصر کی فلاڈیلفیا راہداری سے اپنی فوجیں ہٹانے سے انکار کرنے کی وجہ بتا دی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے پریس کانفرنس کے دوران انکشاف کیا کہ فلاڈیلفیا راہداری سے اپنی فوجیں ہٹائیں تو حماس کے نئے سربراہ یحییٰ السنوار اس راستے سے غزہ سے باہر نکل جائیں گے۔وزیراعظم نیتن یاہو نے مزید کہا کہ اسی راہداری سے حماس اسرائیلی یرغمالیوں کو غزہ سے کہیں اور منتقل کرنے کی منصوبہ بندی بھی کر رہا ہے اور اسی راستے کو حماس اسلحہ کی اسمگلنگ کے لیے بھی استعمال کرے گا۔اسرائیلی وزیراعظم نے مزید کہا کہ اگر ہم فلاڈیلفیا راہداری کو چھوڑ دیتے ہیں تو حماس کو نہ صرف ہتھیاروں کی اسمگلنگ سے روکنا بلکہ یرغمالیوں کی منتقلی سے بھی روکنا ناممکن ہو جائے گا۔اسرائیلی میڈیا کے بقول کہ یحییٰ السنوار کا منصوبہ تھا کہ وہ خود اور حماس کے باقی رہنما اسرائیلی یرغمالیوں کو لے کر فلاڈیلفیا کوریڈور کے ذریعے سینائی اور وہاں سے ایران چلیں گے۔سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے جرمنی کی ہم منصب اینالینا بیئرباک نے ملاقات کی۔ سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق استقبالیہ تقریب میں دونوں وزرائے خارجہ نے دونوں ملکوں کے تعلقات کے فروغ کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی امور اور معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔سعودی اور جرمن وزرائے خارجہ نے غزہ کی تازہ ترین صورتحال اور بحران کے حل کے لیے کی جانے والی مشترکہ کوششوں کا بھی جائزہ لیا ہے۔مصر کے آرمی چیف آف اسٹاف احمد فتحی خلیفہ نے سرحد کا اچانک دورہ کیا۔ سرکاری ٹیلی ویژن نے فوج کے ترجمان کے حوالے سے اطلاع دی کہ مصر کے آرمی چیف آف اسٹاف احمد فتحی خلیفہ نے سیکورٹی کی صورتِ حال کا جائزہ لینے کی غرض سے غزہ کی پٹی کے ساتھ ملک کی سرحد کا اچانک دورہ کیا۔آرمی چیف نے جوانوں سے بھی تبادلہ خیال کیا اور سیکورٹی کے حوالے سے خصوصی ہدایات بھی دیں۔