سندھ:کالجز کی 36 خواتین ٹیچرز 10 برس سے غیر حاضر

276

کراچی:سندھ میں کالجز کی 36 خواتین ٹیچرز کے 10  سال سے غیر حاضر ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ صوبائی محکمہ تعلیم کی 36 خواتین اساتذہ کے گزشتہ 7 سے 10 سال سے غیر حاضر ہونے کا انکشاف ہوا ہے اور انہیں ماضی میں کئی بار مہلت دی گئی کہ وہ آکر اپنی ذمے داریاں شروع کریں تاہم خواتین ٹیچرز کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا، جس کے بعد اب محکمہ تعلیم نے کارروائی شروع کردی ہے۔

برسوں سے غیر حاضر اساتذہ کی تنخواہیں بند کردی گئی ہیں اور ان کو آخری موقع دیا جارہا ہے کہ وہ اپنے دفتر میں رپورٹ کریں،  ان خواتین اساتذہ کو آخری موقع فراہم کرنے کے لیے اخبارات میں اشتہار دیا جارہا ہے۔

محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے کہا جارہا ہےخواتین اساتذہ جلد اپنے محکمہ تعلیم سے رابطہ کریں ورنہ ملازمت سے برطرف کیا جائے گا۔ غیر حاضر خواتین کی اکثریت کا تعلق کراچی کے کالجوں سے ہے۔