کراچی: پاکستان میں پولیو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آیا ہے جس کے بعد رواں سال میں پولیو کیسز کی تعداد 17 ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تقریبا 16 سال بعد پولیو وائرس کا ایک کیس سامنے آیا ہے جس میں اسلام آباد کونسل 4 کے ایک بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
اس حوالے سے وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ایک اور پاکستانی بچہ پولیو سے متاثر ہوا ہے، حکومت نے پولیو کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایک جامع روڈ میپ بنایا ہے۔
9 ستمبر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے دوران ملک کے 115 اضلاع میں 3 کروڑ بچوں کو ویکسین پلانے کا ہدف ہے۔
دوسری جانب نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے کو آرڈینیٹر انوارالحق کا کہنا ہے کہ ہربچے تک پولیو ویکسین پہنچانے کی کوششیں تیزکردی گئی ہیں تاکہ اس وائرس کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔