کارساز ٹریفک حادثے کی ملزمہ نتاشا دانش کی ضمانت منظور

353

کراچی : سٹی کورٹ کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی نے کار ساز حادثہ کیس میں ملزمہ نتاشا کی ضمانت منظور کرلی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق دیت قانون کے تحت معاہدہ طے ہونے کے بعد عدالت نے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت دی جبکہ نتاشا کے شوہر دانش اقبال کی عبوری ضمانت 50 ہزار روپے میں توثیق کردی۔

عدالت میں سماعت کے دوران ملزمہ کے اہل خانہ اور وکلا پیش ہوئے۔

وکیل عامر منصوب ایڈووکیٹ نے میڈیکل رپورٹ اور شواہد پر تحفظات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ علاج کے دوران جسم میں ادویات کی مقدار موجود رہتی ہے۔ صلح نامے کی کاپی بھی عدالت میں جمع کرائی گئی۔

عدالت نے صلح کے عمل کی صداقت پر سوالات کیے اور لواحقین کی جانب سے کہا گیا کہ یہ صلح کسی دباؤ میں نہیں کی گئی بلکہ اللہ کی رضا کے لیے کی گئی ہے۔

جاں بحق افراد کے وکیل عزیز غوری ایڈووکیٹ نے کہا کہ اگر قانونی ورثا صلح کرلیں تو عدالت بھی ریلیف دینے کی پابند ہوتی ہے۔