مودی سرکار فوج کے بغیر امن قائم کرکے دکھائے، فاروق عبداللہ

186

مقبوضہ جموں و کشمیر کے سابق وزیرِاعلیٰ اور نیشنل کانگریس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت اگر وادی میں امن قائم کرنا چاہتی ہے تو فوج کے بغیر ایسا کرکے دکھائے۔

ایک انٹرویو میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ملک کو ایسے ماحول کی ضرورت ہے جس میں امن و استحکام کے لیے فوج سے مدد لینے کی ضرورت پیش نہ آئے۔ جموں و کشمیر میں قدم قدم پر فوج تعینات ہے۔ اگر مرکزی حکومت دنیا کو دکھانا چاہتی ہے کہ جموں و کشمیر میں سب کچھ ٹھیک ہے تو فوج ہٹائے۔

ایک سوال پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کے عوام امن چاہتے ہیں مگر وہ امن نہیں جو فوج کی مدد سے لایا جائے۔ وہ چاہتے ہیں کہ سویلین حکمرانی کو بھرپور موقع فراہم کیا جائے۔ جموں و کشمیر کے عوام چاہتے ہیں کہ اُن پر اُن کے حقیقی نمائندوں کی حکمرانی ہو جو اُن کے بنیادی مسائل سمجھتے ہوں اور اُنہیں حل کرنے میں دلچسپی بھی لیتے ہوں۔

ایک اور سوال کے جواب میں فاروق عبداللہ نے کہا کہ مودی سرکار نے صرف طاقت کے ذریعے بات منوانے کی کوشش کی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ حقیقی جمہوریت کو موقع دیا جائے۔ جب تک حقیقی جمہوریت بحال نہیں ہوگی تب تک جموں و کشمیر میں حقیقی اور دیرپا امن کے قیام کی راہ ہموار نہ ہوسکے گی۔