سیاسی اختلافات کو نفرت میں نہ بدلیں، ملک دشمنوں کو کہیں نہیں چھوڑیں گے: آرمی چیف

295

راولپنڈی:آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سیاسی اختلافات کو نفرتوں میں تبدیل نہ کریں، ہم ملک کے دشمنوں کو کہیں بھی نہیں چھوڑیں گے اور انہیں ختم کرکے دم لیں گے۔

جی ایچ کیو میں یوم دفاع اور شہدا  کے حوالے سے تقریب کا انعقاد ہوا، جس میں وزیراعظم  نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی اور یادگار شہدا پر پھول رکھے۔ تقریب میں  اہم حکومتی شخصیات، عسکری حکام اور شہدا کے خاندان کے افراد بھی شریک تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ میں بہادروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور شہدا کے لیے دعا گو ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بہادر اور نڈر قوم ہے، اس قوم کے عظیم جذبے کو بھی سلام پیش کرتا ہوں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قربانیوں کا سلسلہ دہشت گردوں کے خاتمے تک جاری رہے گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کاسلسلہ آج بھی جاری ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی، دہشت گردوں کیلئے زمین تنگ کردی جائے گی، ملک دشمنوں کو جہاں پائیں گے ان کی سرکوبی کریں گے، دہشت گردوں کو جہاں پائیں گے ان کوختم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان اورعوام کا رشتہ دل کا رشتہ ہے، یہی مضبوط رشتہ دشمنوں کی شکست کا باعث ہیں، افواج اور عوام کا مضبوط رشتہ دشمن کی شکست کا ضامن ہے۔ عزم استحکام نیشنل ایکشن پلان کی کڑی ہے، یہ کسی نئے آپریشن کا نام نہیں، کسی کو بے دخل نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی یکجہتی کمزور کرنے کے مذموم مقاصد کامیاب نہیں ہوں گے۔ دہشت گردی کے پھیلاؤ میں غیرملکی طاقتوں کو باور کرانا چاہتا ہوں، پاکستانی عوام اور فوج سالمیت کا دفاع کرنا جانتے ہیں، دہشت گردوں کو جہاں پائیں گے ان کوختم کریں گے۔

جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھاکہ معاشرتی وسماجی معاملات میں اخوت، ہم آہنگی، برداشت اوربُردباری کا مظاہرہ کریں، مذہبی عدم برداشت سے بالاتر رہ کرآئین پاکستان کے مطابق اقلیتوں کے حقو ق کا مکمل تحفظ کریں، سیاسی نقطہ نظرمیں اختلاف کو نفرتوں میں نہ ڈھلنےدیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ قائد اعظم کےرہنما اُصول، ایمان، اتحاد اور تنظیم ہمارے لیے مشعل راہ ہیں، جغرافیائی اہمیت کے علاوہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بےپناہ قدرتی وسائل سےنوازا ہے، ہمارا اصل اثاثہ عوام، بالخصوص ہماری نوجوان نسل ہے، جس کا ملکی سالمیت وترقی میں کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے آرمی چیف کا کہنا تھاکہ بھارت کے ناجائززیرِقبضہ جموں وکشمیرنہ صرف ملکی بلکہ خطے اور عالمی سطح کا مسئلہ ہے، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیرکے حل میں ہے۔ پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کا تنازع دُنیا کے لیے انتہائی قابلِ فِکر سوالیہ نشان ہے۔ اسرائیلی جارحیت اورفلسطینیوں کااستحصال انسانیت اوربین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ سفارتی سطح پرپاکستان غزہ میں فوری جنگ بندی اورفلسطینیوں پر مظالم کی روک تھام کے لیے عمل رہےگا۔