دہشت گردی کے فتنے کو جڑ سے اکھاڑنے کی کوشش آخری دم تک کرینگے ‘ صدر زرداری

119

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے فتنے کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے آخری دم تک کوششیں جاری رکھیں گے۔اطلاعات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری لاہور پہنچے جہاں انہوں نے 25 اور 26 اگست کی شب بلوچستان میں شہید ہونے والے کیپٹن محمد علی قریشی کے گھر پہنچ کر لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔صدر مملکت نے کیپٹن محمد علی قریشی شہید کے لیے فاتحہ خوانی کی اور اْن کی خدمات و بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ مْشکل کی اس گھڑی میں ہمدردیاں شہید کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت سے نوجوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے جس کی پوری قوم دل سے قدر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہوئیں، دہشت گردی کے فتنے کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے آخری دم تک کوششیں جاری رکھیں گے۔ صدر مملکت نے شہید کیپٹن کے اہلِ خانہ کے جذبہ حب الوطنی اور قربانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم شہداء اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ صدر مملکت نے کیپٹن محمد علی قریشی کے لیے بلندی درجات، لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔