سندھ پریمیئر لیگ کا دوسرا ایڈیشن قطر میں ہوگا

144

کراچی: سندھ پریمیئر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا انعقاد قطر میں ہوگا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے اظہار رضامندی کے بعد صوبائی حکومت نے سندھ پریمیئر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کا دوسرا ایڈیشن قطر میں  منعقد کرانے کی  باضابطہ منظوری دے دی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سندھ پیرمیئر لیگ کا وفد صدر آصف زرداری سے ملاقات کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے بھی  ملا تھا۔ لیگ کا وفد یہ ایونٹ قطر میں منعقد کرانے کا خواہاں ہے تاہم سندھ حکومت کی تجویز تھی کہ  ایونٹ کے مقابلے کراچی اور حیدرآباد میں ہوں۔

بعد ازاں وفد سے ملاقات میں سندھ کے وزیر کھیل  سردار محمد بخش خان مہر نے صوبائی حکومت  کے موقف کو دہرایا تھا۔

ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ حکومت کی طرف سے لیگ کو قطر میں منعقد کرنے کی اجازت مل گئی ہے، یہ فیصلہ کراچی اور حیدرآباد میں سہولیات میسر نہ ہونے کی وجہ سے کیا گیا۔

ایونٹ میں بینظیر آباد لالز، حیدرآباد بہادرز، کراچی غازی، لاڑکانہ چیلنجرز، سکھر پیٹرولائٹس، اور میرپور خاص ٹائیگرز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔