اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو 8 ستمبر کو سنگجانی میں جلسے کی اجازت دیتے ہوئے 42 شرائط کے ساتھ این او سی جاری کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جاری کردہ این او سی پی ٹی آئی کے ضلعی صدر عامر مغل کی درخواست پر جاری کیا گیا۔
این او سی کے مطابق جلسہ پسوال روڈ، سنگجانی کے مقام پر ہوگا، اور کارکنان انتظامیہ کی جانب سے دیے گئے مخصوص راستوں سے جلسہ گاہ تک پہنچ سکیں گے۔
خیبرپختونخوا سے آنے والے قافلے براستہ ایم ون موٹروے اسلام آباد میں داخل ہوں گے جبکہ پنجاب سے آنے والے قافلے جی ٹی روڈ کے ذریعے جلسہ گاہ تک پہنچیں گے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے رہائشی مارگلہ ایونیو سے جلسہ گاہ جا سکیں گے جبکہ دیگر راستے بند رہیں گے۔
ضلعی انتظامیہ نے جلسے کے دوران کسی بھی قسم کی بد نظمی سے بچنے کے لیے شرائط مقرر کی ہیں جن پر عملدرآمد لازمی ہوگا۔
شرائط میں جلسہ گاہ کے اطراف سیکیورٹی انتظامات، کارکنان کے مخصوص راستوں سے گزرنے اور جلسہ کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کے اقدامات شامل ہیں۔ مقررہ وقت میں جلسہ ختم کرنا لازمی ہوگا اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
اس نوٹیفکیشن کے بعد تحریک انصاف کے رہنما تیاریوں میں مصروف ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ تمام تر حفاظتی انتظامات پر عمل درآمد کو یقینی بنا رہی ہے۔