اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 میں ترمیم کی باضابطہ منظوری دیدی ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی جانب سے بھیجی گئی سمری کی منظوری سرکولیشن کے ذریعے دی۔ کابینہ کی منظوری کے بعد بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کو خصوصی اختیارات حاصل ہوجائیں گے۔
انسداد دہشتگردی ایکٹ میں کی جانے والی ترمیم کے بعد سیکیورٹی فورسز کو دہشتگردی کے خلاف مؤثر آپریشن کے لیے قانونی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 25 اور 26 اگست کی درمیانی شب بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں نے ایک درجن سے زائد حملے کیے جس میں 21 معصوم شہریوں کو شناختی کارڈ دیکھ کر شہید کیا گیا جبکہ 10 ایف سی جوانوں سمیت پاک فوج کے جوان بھی شہید ہوئے تھے۔