4 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گے، ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ

20

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شرجیل نور چنا نے کہا ہے کہ پولیو موذی مرض ہے جس کے لیے اپنے بچوں کو اس موذی مرض سے بچانے کے لیے آپ اور ہمیں مل کر کوششیں کرنا چاہئیں، پوری ضلع میں پولیو مہم 9 سے 15 ستمبر تک منعقد کی جائے گی جس میں تقریباً 4 لاکھ 7 ہزار 959 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس کے دربار ہال میں آئندہ پولیو مہم کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ صحت کا عملہ، پی پی ایچ آئی، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا عملہ مہم کی نگرانی کریں گے تاکہ کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے پیچھے نہ رہے۔ اس موقع پر انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ آپ مکمل پلاننگ اور اپنی ٹیموں کو متحرک کریں تاکہ کوئی بچہ پیچھے نہ رہے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران بچوں کو پولیو کے ساتھ دیگر مہلک بیماریوں سے بچاؤ کی ویکسین بھی دی جائیں۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آپ ویکسی نیٹرز کے بارے میں بتائیں کہ کتنے کام کر رہے ہیں؟ جو کام نہیں کر رہے ان کے بارے میں بھی بتائیں تاکہ ان کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانزٹ پوائنٹس جو بھی ہیں آپ انہیں دیکھیں اور ٹیموں کو مہم کے دوران پوری طرح کام کرنا چاہیے۔ بریفنگ دینے سے قبل بتایا گیا کہ ای پی آئی اور پی پی ایچ آئی مل کر کام کریں گے تاکہ تمام بچوں کی پولیو کے قطرے پلائے جائیں ۔