سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے مرحوم سینئر صحافی نثار عثمانی (سابق صدر پی ایف یو جے) کی 30 ویں برسی کے موقع پر ان کی صحافتی خدمات اور آزادی صحافت کے لیے تاریخ ساز جدوجہد پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پریس کلب میں تعزیتی سیمینار ہوا۔ سیمینار سے سکھر یونین آف جرنلسٹس کے صدر امداد بوذادر، پریس کلب کے صدر آصف ظہیر خان لودھی، روہڑی پریس کلب کے صدر مجاہد بوزدار، روہڑی یونین آف جرنلسٹس کے صدر عبدالجواد عباسی، سینئر جرنلسٹ انس گھانگھرو سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے بانیوں میں شمار ہونے والے صحافی رہنما مرحوم نثار عثمانی کی آزادی صحافت کے لیے تاریخی جدوجہد پر روشنی ڈالتے ہوئے شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ قبل ازیں نثار عثمانی سمیت تمام مرحومین شہداء صحافیوں کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور دُعائے مغفرت کی گئی۔ سیمینار میں سکھر روہڑی کے صحافیوں، فوٹو جرنلسٹ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نثار عثمانی آزادی صحافت کی جدوجہد کی بڑی علامت ہیں۔ انہوں نے ادوار آمریت سمیت تمام وقت آزادی رائے کی آزادی، میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ و حصول کے لیے بھرپور کوششیں کیں۔