لاہو ر(نمائندہ جسارت)مشیر امیر جماعت برائے سیاسی امور ومرکزی رہنما جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت جز و ایمان نہیں اصل ایمان ہے، 1974ء کی فقید المثال تحریک ختم نبوت اور قادیانیوں کو آئینی لحاظ سے غیر مسلم اقلیت قرار دینے کے تاریخی فیصلے پر 50 سال گزر چکے ہیں، اگرچہ تحریک ختم نبوت 1974ء کا آغاز طلبہ سے ہوا اور اسلامی جمعیت طلبہ اس تحریک کا ہر اول دستہ اور روح رواں تھی۔ پنجاب یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے صدر کی حیثیت سے مجھے اس تحریک میں ذمے دارانہ حیثیت سے اپنا حصہ ڈالنے کا موقع ملا، لیکن یہ تاریخی کامیابی تمام اسلامیان پاکستان کی کامیابی تھی۔ اس اجروثواب میں پارلیمنٹ، حکومت، اپوزیشن علما کرام، دینی و سیاسی جماعتیں، تاجر، وکلا، اہل قلم، صحافی سب شامل تھے۔ اس تاریخی فیصلے کی گولڈن جوبلی پوری امت مسلمہ کومبارک ہو۔