اسلام آباد(آن لائن)الیکشن کمیشن میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے 5 فیصد ٹکٹ خواتین کو نہ دینے کے معاملے پر سماعت ہوئی اور اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پانچ فیصد کوٹے پر عمل نہ کرنے سے جماعت کی رجسٹریشن متاثر ہو سکتی ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے پی کے میپ ، پاکستان عوامی تحریک ، جماعت اسلامی کو جواب جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔ رکن نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے سماعت کی ۔وکیل بی این پی مینگل نے بتایا کہ صوبائی اسمبلی میں ہمارے 27 امیدوار تھے جن میں دو خواتین تھیں۔ قومی اسمبلی میں ہمارے 11 امیدوار تھے لیکن کوئی خاتون نہیں تھی۔حکام الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ بی این پی کی خواتین کو ٹکٹ دینے کی شرح 3.8 تھی۔تحریک لبیک پاکستان کا وکیل کا کہنا تھا کہ جتنی خواتین نے اپلائی کیا ہم نے سب کو ٹکٹ دیے۔ کسی سے زبردستی الیکشن تو نہیں لڑوانا۔ حکام الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ٹی ایل پی نے 34 خواتین کو ٹکٹ دینے تھے، صرف 10 کو دیے۔ الیکشن کمیشن نے پی کے میپ ، پاکستان عوامی تحریک ، جماعت اسلامی کو جواب جمع کروانے کی ہدایت کی اورکیس کی سماعت 2 اکتوبر تک ملتوی کردی۔