پاکستان فرنیچرکونسل آسیان ایکسپو میں شرکت کرے گی، میاں کاشف

147

لاہور (کامرس رپورٹر ) پاکستان فرنیچر کونسل ( پی ایف سی) نے کہا ہے کہ وہ 24 ستمبر سے چین کے شہر ناننگ میں منعقد ہونے والی 5 روزہ 21 ویں چائنہ آسیان ایکسپو میں شرکت کرے گی۔ بدھ کو یہاں کونسل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے بتایا کہ یہ ایکسپو چین، آسیان ممبران اور دیگر ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے بہترین پلیٹ فارم اور پاکستان کی فروغ پذیر فرنیچر انڈسٹری کے لیے ایک مثالی مقام ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایف سی کا وفد صنعت کے بزنس لیڈرز کی قیادت میں اعلیٰ معیار کے اور ہاتھ سے بنے پاکستانی فرنیچر کی وسیع رینج کی نمائش کرے گا جو ملک کے شاندار ثقافتی ورثے اور دستکاری کی عکاسی کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ نمائش پاکستانی فرنیچر مینوفیکچررز کو بین الاقوامی خریداروں کے ساتھ نیٹ ورکنگ، نئی مارکیٹوں کی تلاش اور طویل مدتی کاروباری شراکت قائم کرنے کے مواقع فراہم کرے گی۔میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ اس نمائش میں شرکت فرنیچر کی برآمدات کے فروغ، تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈیوں میں موجودگی کو بڑھانے کے لیے پی ایف سی کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش میں شرکت سے خطے میں پاکستان کے تجارتی تعلقات کو فروغ ملے گا۔