لاہو ر(نمائندہ جسارت)سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں اسلامی نظام نہ ہونے کی وجہ سے عورت کی عزت و حرمت محفوظ نہیں، انھیں حق وراثت نہیں دیا جاتا، بچیوں کو تعلیم سے محروم رکھا جاتا ہے اور ان پر بدترین تشدد کے واقعات سامنے آتے ہیں۔ اسلامی تاریخ میں خواتین نے عظیم الشان کردار ادا کیا، تحریک پاکستان اور ملک میں سیاسی وجمہوری تحریکوں میں بھی مائوں، بہنوں، بیٹیوں نے بے پناہ قربانیاں دیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منڈی بہاوالدین میں میاں عبدالرئوف کی رہائش گاہ پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹرطارق سلیم بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ عالمی یوم خواتین کے موقع پر سب سے اہم بات یہ کہ کیا اس دن ڈاکٹر عافیہ کے لیے بھی کوئی حصہ ہے جو گزشتہ 2 عشروں سے امریکی قید میں ہے۔حکومت کو تجویز ہے کہ 5 نومبر کو امریکا میں انتخابات ہونے جارہے ہیں،امریکی قوانین کے مطابق ان 2 ماہ میں صدر کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ کسی بھی قیدی کو رہا کرسکتا ہے لہٰذا ریاستی سطح پر عافیہ کی رہائی کے لیے اقدامات کیے جائیں ۔سراج الحق نے کہا کہ خاتون معاشرے کی اہم اکائی ہے لیکن خواتین کے حقوق محفوظ نہیں،آئین ،دستور کے مطابق خواتین کو حقوق دیے جائیں ،تعلیم ،صحت،روزگار اور تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے ،ملک میں قانون سازی کی کمی نہیں بلکہ عملدرآمد کا مسئلہ ہے۔جب تک خواتین خوشحال نہیں کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ آج دنیا بھر میں عالمی یوم حجاب بھی منایا جارہا ہے،حجاب عفت،عظمت اور تحفظ کا نام ہے ،اسلام نے بھی ہمیشہ خواتین کے حقوق پر زور دیا ہے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلام کے وضع کردہ اصولوں کے مطابق ملک میں خواتین کو ہر سطح پر آزادی ملے تاکہ پاکستان ایک خوشحال ریاست بن سکے۔