حیدرآباد ،6 ستمبر یوم دفاع پاکستان کے موقع پر سیکورٹی ہائی الرٹ

53

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان کے موقع پر حیدآباد رینج میں سیکورٹی ہائی الرٹ، ڈی آئی جی طارق رزاق دھاریجو حیدرآباد رینج نے ’’یوم دفاع پاکستان‘‘ کے موقع پر منعقدہ ریلیوں و تقریبات کوفول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کے لیے رینج کے تمام ایس ایس پیز کو احکامات جاری کر دیے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی طارق رزاق دھاریجو حیدرآباد رینج نے یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے رینج کے تمام ایس ایس پیز کو غیر معمولی حفاظتی انتظامات پر مشتمل سیکورٹی پلان ترتیب دینے کی ہدایت کردی۔ اسکولز، کالجز، جامعات پریس کلبز یا دیگر ایسے مقامات جہاں یوم پاکستان کی مناسبت سے پروگرامز / تقریبات منعقد ہوتے ہیں، ان کے اطراف رینڈم اسنیپ چیکنگ، پکٹنگ، اسنیپ چیکنگ سمیت تمام سیکورٹی میئرز کو یقینی بنانے کے احکامات دے دیے۔ ڈی آئی جی حیدرآباد رینج نے اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے افراد، عبادت گاہوں، رہائشی کالونیوں کی سیکورٹی سخت کرنے اور پولیس نفری کو نمایاں مقامات پر تعینات کرنے سمیت ڈیوٹی کی حساسیت پر آگاہی دینے پر زور دیا۔ انہوں نے ریلوے اسٹیشنز، بس ٹرمینلز، سرکاری و نجی املاک، گنجان علاقوں، مصروف بازاروں اہم مقامات پر موبائل / موٹر سائیکل گشت اور نفری میں خاطر خواہ اضافے کی ہدایت کیں، جبکہ داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی، شر پسند عناصر و مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے اور امن و امان کی فضاء ہر صورت قائم رکھنے سمیت ٹریفک کی مسلسل روانی کے لیے بھی ہدایت جاری کیں۔ ڈی آئی جی حیدرآباد رینج نے تمام ایس ایس پیز کو لمحہ بہ لمحہ آگاہی کے لیے اپنے اپنے اضلاع میں تمام سہولیات سے آراستہ کنٹرول روم قائم کرنے کے احکامات بھی دیے۔