سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر اور گڈو بیراج کی تمام نہریں کھول دی گئیں، کوٹری بیراج کی دو نہریں تاحال بند ہیں، سکھر اور گڈو بیراج پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق جاری ہے، کوٹری بیراج سے پانی کا پریشر کم نہ ہوسکا جب کہ منچھر جھیل میں پانی بڑھنا شروع ہوگیا، سکھر بیراج کے دائیں جانب کیرتھر کینال کو 2 ہزار 540 کیوسک، رئیس کینال کو 6 ہزار 650 کیوسک اور دادو کینال کو 2 ہزار 220 کیوسک اور سکھر کی بائیں جانب سے نارا کینال میں 6 ہزار 50 کیوسک پانی دیا جا رہا ہے۔ بیراج، خیرپور ایسٹ کینال میں 1 ہزار 500 کیوسک، خیرپور ویسٹ کینال میں 500 اور روہڑی کینال میں 6 ہزار کیوسک پانی چھوڑا جا رہا ہے۔ گڈو بیراج سے نکلنے والی چاروں نہروں کو پانی فراہم کیا جا رہا ہے، سندھ بیگاری کینال کو 10 ہزار 10 کیوسک، ڈیزرٹ پٹ فیڈر کو 7 ہزار 321 کیوسک، گھوٹکی کینال کو 8 ہزار 750 کیوسک اور رینی کینال کو 558 کیوسک پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ کوٹری بیراج میں درمیانے درجے کے سیلاب کے باعث صرف ایک کینال کھولی گئی، باقی 2 کینال تاحال بند ہیں، سکھر بیراج میں بالائی بہاؤ 2 لاکھ 510 اور زیریں بہاؤ 1 لاکھ 75 ہزار کیوسک اور گڈو بیراج میں بالائی بہاؤ 2 لاکھ 30 ہزار اور زیریں بہاؤ 2 لاکھ 3 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب تونسہ بیراج میں بالائی بہاؤ 2 لاکھ 15 ہزار اور زیریں بہاؤ 1 لاکھ 92 ہزار کیوسک اور چشمہ بیراج میں بالائی بہاؤ 2 لاکھ 47 ہزار اور زیریں بہاؤ 2 لاکھ 24 ہزار کیوسک ہے۔ منچھر جھیل کے پانی کی سطح میں کمی کے باعث منچھر جھیل 116.9 فٹ اور تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1550 فٹ برقرار رہے گی۔