امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی اسحاق ڈار سے ملاقات‘ معاشی تعاون پر تبادلہ خیال

88

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی اور اس دوران سیکورٹی، انسداد دہشت گردی سمیت علاقائی اور معاشی شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی مشن پاکستان کے ترجمان جوناتھن لالی نے بیان میں کہا کہ ڈونلڈ بلوم اور نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے ملاقات میں باہمی اور علاقائی امور، بشمول افغان پناہ گزینوں سے متعلق امور پر بات چیت کی‘ ملاقات میں پناہ کے خواہاں افراد کا تحفظ، معاشی شعبوں میں تعاون، سیکورٹی، انسداد دہشت گردی اور علاقائی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں پاکستان کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غیر مستقل رکن کی حیثیت سے اپنی مدت کا آغاز کرنے پر بھی گفتگو ہوئی۔امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سے متعلق پاکستان کی ترجیحات کے بارے میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے خیالات کا خیر مقدم کیا۔