بنگلا دیش نے پاکستان کے خلاف پہلی ٹیسٹ سیریز جیت لی

162

راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں بنگلا دیش نے پاکستان کو چھ وکٹ سے شکست دیکر دو ٹیسٹ میچوں کی سریز2-0 سے جیتی۔ اس ٹیسٹ میں پاکستان نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے85.1 اوور میں274رنز بنائے تھے۔ بنگلا دیش کے تمام کھلاڑی اپنی پہلی اننگز میں78.4 اوور میں262 رنز بناکر آئوٹ ہوئے تھے جسکی بدولت پاکستان کو پہلی اننگز کی بنیاد پر بارہ رنز کی قلیل برتری حاصل ہوگئی تھی۔ دوسری اننگز میں پاکستان کے سبھی کھلاڑی46.4 اوور میں172 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ بنگلا دیش کو میچ جیتنے کیلیے185 رنز کا ہدف ملا تھا۔ اس نے 56 اوور میں چار وکٹ پر 185 رنز بناکر میچ چھ وکٹ سے جیتا اور سیریز میں2-0 سے کامیابی اپنے نام کی۔ بنگلا دیش کا دوسری اننگز میں اسکور جیت کیلئے چوتھی اننگز میں اس کا تیسرا سب سے بڑا سکور تھا۔

اسی میدان پر کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان نے اپنی پہلی اننگز113 اوورمیں چھ وکٹ پر448 رنز بناکر ڈکلیر کردی تھی۔ بنگلا دیش نے اپنی پہلی اننگز میں167.3 اوور میں565 رنز بنائے تھے جو اس کا پاکستان کے خلاف سب سے زیادہ اسکور تھا۔ پاکستان نے اپنی دوسری اننگ117 رنز کے خسارے کے ساتھ شروع کی اوراسکے سبھی کھلاڑی 55.5 اوور میں146 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔ بنگلا دیش کو میچ جیتنے کے لئے30 رنز درکار تھے۔ اس نے 6.3 اوور میں کسی نقصان کے بغیر یہ رنز بناکر دس وکٹ سے میچ جیتا تھا۔ بنگلا دیش کی یہ ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹوں کے اعتبار سے سب سے بڑی جیت تھی۔

اس دورے سے پہلے بنگلا دیش نے غیر ممالک میں لگاتار پانچ ٹیسٹ میچوں میں شکست ہوئی تھی۔ اس نے لگاتار پانچ میچوں میں شکست کے بعد لگاتار دو میچوں میں جیت اپنے نام کی ہے۔
پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پہلی جیت بنگلا دیش کی غیر ممالک میں کسی سریز میں تیسری جیت ہے۔ اس نے بنگلا دیش سے باہر پہلی سریز2009 میں ویسٹ انڈیز میں جیتی تھی۔ اس سیریز کے دونوں ٹیسٹ میچوں میں بنگلا دیش فاتح رہی تھی۔ کنگس ٹائون میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں95 رنز کی کامیابی کے بعد بنگلا دیش نے سینٹ جارج میں ویسٹ انڈیز کے خلاف چار وکٹ سے جیت اپنے نام کی تھی۔

زمبابوے کے خلاف 2021 میں زمبابوے میں واحد ٹیسٹ میچ بنگلا دیش نے220 رنز سے جیتا تھا۔ اس ٹیسٹ میچ میں بنگلا دیش نے اپنی پہلی اننگز میں126 اوور میں468 رنز بنائے تھے۔ زمبابوے نے پہلی اننگز میں111.5 اوور میں276 رنز بنائے تھے جسکی وجہ سے بنگلا دیش کو پہلی اننگز کی بنیاد پر192 رنز کی سبقت حاصل ہوگئی۔ بنگلا دیش نے اپنی دوسری اننگز 67.4 اوور میں ایک وکٹ پر 284 رنز بناکر ڈکلیر کردی اور زمبابوے کو میچ جیتنے کیلئے477 رنز کا ایک بڑا ہدف دیا تھا۔ زمبابوے کے سبھی کھلاڑی94.4 اوور میں 256 رنز بناکر آوٹ ہوئے جسکی وجہ سے بنگلا دیش نے اس ٹیسٹ میچ میں220 رنزسے جیت حاصل کرلی۔

بنگلا دیش نے اپنے گھر سے باہر ابھی تک جو ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں اس میں67 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں اس میں آٹھ ٹیسٹ اسے کامیابی ملی ہے اور55 ٹیسٹ میچوں میں شکست ہوئی ہے۔ اسکے چار ٹیسٹ میچ برابر بھی رہے ہیں۔ کل ملاکر بنگلا دیش نے جو144 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں اس میں21 میں اسے کامیابی ہوئی ہے اور105ٹسٹ میچوں میں ہار ہوئی ہے۔ اسکے18 ٹیسٹ برابری پر ختم ہوئے ہیں۔