دوحہ (رپورٹ : لیاقت انجم)قطری حکومت نے لوکلائزیشن کا نیا قانون متعارف کرادیا،جو مقامی افراد کو ملازمت کے مواقع اور تربیت میں مدد فراہم کرے گا۔ وزارت محنت نے اس قانون کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ قانون قطر کے وژن 2030 ء کے ساتھ ہم آہنگ ہے اور قومی ترقی کی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد سرمایہ کاری کو آسان بنا کر قطر کے شہریوں کے لیے روزگار اور تربیت کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ یہ تبدیلی اعلیٰ ہنر مند قطری ٹیلنٹ پول سے فائدہ اٹھاتے ہوئے حاصل کی جائے گی جبکہ جدید مہارتوں والے غیر ملکی ٹیلنٹ کو راغب کیا جائے گا۔یہ قانون نجی شعبے کے اداروں اور کمپنیوں میں قومی افرادی قوت کی مؤثر شرکت کو نمایاں طور پر بڑھانے، قطریوں اور قطری خواتین کے بچوں کے لیے روزگار اور کیریئر کے نئے مواقع کھولنے کی کوشش کرتا ہے۔ وزارت نے واضح کیا کہ قانون کے بنیادی مقاصد میں قومی افرادی قوت کے لیے لیبر مارکیٹ کی کشش کو بڑھانا، شہریوں کو راغب کرنے اور ان کو مربوط کرنے کے لیے کمپنیوں کی صلاحیت میں اضافہ، نجی شعبے میں قطری شرکت کی حوصلہ افزائی اور ملازمتوں کے استحکام کو یقینی بنانا شامل ہے۔ اس کے علاوہ قومی کیڈرز، قومی افرادی قوت کی پیشہ ورانہ مہارتوں کو فروغ دینا، لیبر مارکیٹ میں اہل افراد کی طلب کو پورا کرنا اور قومی افرادی قوت کی شرکت کو بڑھانے کے لیے نجی شعبے کی کمپنیوں اور اداروں کو ترغیب دینا بھی مقاصد کا حصہ ہے۔ وزارت نے اعلان کیا کہ وہ افرادی قوت اور ملازمت کی اقسام کی بنیاد پر اداروں کی درجہ بندی کرکے نجی شعبے کے لیے ملازمتوں کی لوکلائزیشن کا منصوبہ تیار کرے گی۔ اس منصوبے میں تربیت، ملازمت، قابلیت، اور یونیورسٹی اسکالرشپ پروگراموں کی پالیسیاں شامل ہیں۔یہ قانون وزارت محنت کو مراعات فراہم کرنے کے ساتھ شہریوں کو نجی شعبے کے کردار کے لیے تیار کرنے کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر یونیورسٹی کی تعلیم مکمل کرنے کے لیے وظائف دینے کا بھی اختیار دیتا ہے۔