عمران خان کا فوجی تحویل میں نا دینے کیلیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع

114

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 9 مئی مقدمات میں ملٹری کورٹ ٹرائل کے لیے خود کو فوجی تحویل میں نا دینے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔ وکیل عزیر کرامت بھنڈاری کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی جس میں سیکرٹری قانون، سیکرٹری داخلہ اور وفاق کو درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔ آئی جی اسلام آباد، آئی جی پنجاب، ڈی جی ایف آئی اے اور آئی جی جیل خانہ جات کو بھی درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ بانی پی ٹی آئی کو فوجی تحویل میں دینے سے روکا جائے، یقینی بنایا جائے کہ عمران خان کے مقدمات سویلین عدالتوں اور بانی پی ٹی آئی سویلین تحویل میں رہیں۔ علاوہ ازیں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ممکنہ فوجی ٹرائل روکنے کی درخواست پر اعتراضات عاید ہوگئے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے سابق وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر اعتراضات عاید کیے اور کہا کہ کسی مخصوص ایف آئی آر کا حوالہ دیے بغیر عمومی ریلیف کیسے مانگا جا سکتا ہے؟ درخواست کے ساتھ کوئی آرڈر یا دستاویز نہیں لگائی گئی؟۔ رجسٹرار نے اعتراض میں کہا ہے کہ پنجاب کے مقدمات پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست کیسے دائر ہو سکتی ہے؟ فوجی عدالتوں کا معاملہ عدالت عظمیٰ میں زیرالتواء ہوتے ہوئے ہائیکورٹ میں درخواست کیسے دائر ہو سکتی ہے؟۔