میرپورخاص: آل پاکستان کلرکس نے احتجاجی تحریک شروع کر دی

32

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) تعلیمی بورڈ کے ملازمین کی 6 ماہ کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن یونٹ تعلیمی بورڈ میرپورخاص نے احتجاجی تحریک شروع کر دی، احتجاج میں تمام ملازمین نے بھرپور شرکت کی اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ ایپکا کے صدر نعمان راجپوت، جنرل سیکرٹری علی شان شاہ، ارشد زبیر، میر محمد پالاری نے خطاب کیا اور احتجاج میں طے پایا کہ روزانہ کی بنیاد پر ایک گھنٹہ قلم چھوڑ ہڑتال کی جائے گی اور ملازمین کالی پٹی باندھ کر کام کریں گے، ایک ہفتے میں تمام تنخواہیں ادا نہ کی گئیں تو تنخواہوں کی ادائیگی تک بورڈ آفس میں مکمل تالہ بندی کرتے ہوئے احتجاج آگے بڑھایا جائے گا اور پریس کلب پر دھرنا دیا جائے گا، واجبات کی ادائیگی تک میٹرک اور انٹر جماعتوں کے نتائج کو بھی روکا جائے گا۔