ٹھٹھہ: پرانا چلیا کے رہائشی کا بھانجا لا پتا کرنے کیخلاف احتجاج

122

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) نواحی علاقے پرانا چلیا کے رہائشی رسول بخش ملاح نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران الزام عائد کیا ہے کہ 3 روز قبل کینجھر پولیس نے کار میں سوار پرانی چلیا شہر میں پہنچ کر ہوٹل میں بیٹھے ہوئے بہن کے جوان بیٹے قادر ولد اسحاق ملاح کو گرفتار کر کے لا پتا اور جھوٹا مقابلہ دکھا کر زخمی کر دیا، ان کی گرفتاری مکلی تھانہ میں دکھا کر ان پر بلاجواز کیس داخل کیا گیا ہے جو ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا بھانجا شریف انسان ہے، اس کے اوپر کوئی کیس نہیں ہے لیکن پولیس کسی کے کہنے پر اس پر بلاجواز کیس داخل کر کے پھنسانا چاہتی ہے جس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کسی کے اشارے پر کام کر رہی ہے، شہریوں کے سامنے چلیا شہر سے بھانجے کو اُٹھایا گیا تھا، اس بات کے گواہ بھی موجود ہیں، پولیس کی ناانصافیوں سے تنگ آگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس شریف شہریوں کے ساتھ بہت ناانصافی کر رہی ہے۔ انہوں نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی حیدرآباد، سیشن جج ٹھٹھہ، ایس ایس پی ٹھٹھہ سے مطالبہ کیا ککہ ہمارے ساتھ انصاف کر کے بے گناہ گرفتار نوجوان قادر ملاح کو فوری رہا کیا جائے، ورنہ بھرپور احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے کا حق رکھتے ہیں۔