بنگلا دیش کو پنڈی ٹیسٹ سیریز میں تاریخی فتح حاصل کرنے کے لئے محض 143رنز درکار

104

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی)پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ، آخری روز بنگلا دیش کو جیت کے لیے 143 رنز اور پاکستان کو 10 وکٹیں درکار ہیں ، پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی اور انتہائی ناقص بیٹنگ کے باعث قومی ٹیم ٹیم 172 رنز پر ڈھیر ہو گئی ، سلمان علی آغا 47 ناٹ آئوٹ اور محمد رضوان 43 رنز بنا کر نمایاں رہے ، بنگلا دیش کی جانب سے حسن محمود نے 5 اور ناہید رانا نے 4 وکٹیں حاصل کیں ، بنگلا دیش نے 185 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بغیر کسی نقصان کے 42 رنز بنا لیے ، ذاکر حسن 31 اور شادمان اسلام 9 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں ، چوتھے روز کا کھیل خراب موسم کے باعث چائے کے وقفے کے بعد ختم کر دیا گیا ۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سیریزکے دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان کے صائم ایوب اور شان مسعود کے درمیان 38 رنز کی شراکت قائم ہوئی ، صائم ایوب تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 20 رنز بنا کر تسکین احمد کی گیند پر نجم الحسین شانتو کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے ۔ کپتان شان مسعود نے 28 رنز کی مختصر اننگز کھیلی محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے7ویں وکٹ میں 55 رنز کا اضافہ کر کے ٹیم کا اسکور 136 تک پہنچایا۔ اس موقع پر فاسٹ بولر حسن محمود نے لگاتار 2گیندوں پر محمد رضوان کو 43 اور محمد علی کو صفر پر آئوٹ کر کے پاکستان کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ اس طرح پاکستانی ٹیم 172 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی ، سلمان علی آغا 47 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے بنگلا دیش کی طرف سے حسن محمود نے 5 اور ناہید رانا نے 4 وکٹیں حاصل کیں ، پہلی اننگز میں 12 رنز کی برتری کی بدولت پاکستان نے بنگلادیش کو جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف دیا۔