کراچی تاراولپنڈی سرسید ایکسپریس ٹرین کا آغاز

213

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نجی انتظامیہ کے تحت کراچی سے راولپنڈی کے لیے سرسید ایکسپریس چلا دی گئی ،تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز نے کہا ہے کہ سرسید ایکسپریس نے نجی انتظامیہ کے تحت سروس شروع کر دی، یہ ٹرین کراچی اور راولپنڈی کے درمیان چلے گی، 16 کوچز پر مشتمل یہ ٹرین فیصل آباد کے روٹ سے جایا کرے گی۔ ٹرین پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلائی گئی ہے، جس میں ایک اے سی سلیپر، 3 اے سی بزنس اور 1 اے سی اسٹینڈرڈ کوچز شامل ہیں، 8 اکانومی کوچز کے ساتھ ساتھ ڈائننگ کار بھی ٹرین کا حصہ ہے۔ ریلویز کے مطابق ایک اعلیٰ سطح کی کمپنی ٹرین میں کھانا فراہم کرے گی، پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی یقینی بنانے کے لیے بھی خاص انتظامات کیے گئے ہیں، ٹرین میں مسافروں کے لیے فری وائی فائی کی سہولت بھی میسر ہوگی، جب کہ ٹرین کے ٹکٹ کی ادائیگی گھر بیٹھے موبائل ایپلیکیشنز کے ذریعے بھی کی جا سکے گی۔سر سید ایکسپریس سے پاکستان ریلویز کو سالانہ تقریباً 3 ارب روپے آمدن ہوگی، سی ای او ریلوے عامر بلوچ کا کہنا ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے خود انحصاری آئے گی، ریونیو بڑھے گا، اگلے ماہ مزید 10 ٹرینیں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلانے کا ارادہ ہے۔