کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے گارڈن ویسٹ کے رہائشی اپارٹمنٹ کے قریب کنویں میں گرنے والے 2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے مقامی افراد نے اپنی مددآپ کے تحت لاشوں کو نکالا ریسکیو ٹیم حادثے کے کافی دیر بعد پہنچی ،علاقہ مکینوں کا کہنا ہے بروقت ریسکیو کاروائی کی جاتی تو بچوں کی جانیں بچائی جاسکتی تھیں جبکہ سرکاری ٹیم کے پاس تو آکسیجن بھی نہیں تھا ۔تفصیلات کے مطابق گارڈن ویسٹ میں فوارہ چوک کے قریب کھیل کے دوران ڈھکن ٹوٹنے سے 2 بچے کنویں میں گرگئے تھے، بچوں کو بچانے کے لیے نوجوان کنویں میں اترا تھا تاہم وہ بچوں کو نکالنے میں ناکام رہا اور بچوں کے ساتھ خود بھی جاں بحق ہوگیا۔ علاقہ مکین کے مطابق تینوں لاشوں کو مقامی افراد نے نکالا ہے،2مزدور بغیر آکسیجن ماسک کنویں میں داخل ہوئے، دونوں مزدوروں نے بنا کسی اجرت کے لاشیں نکالیں جبکہ ریسکیو اہلکار آلات کے باوجود کنویں سے لاشیں نہ نکال سکے۔ایک علاقہ مکین نے بتایا کہ ریسکیو ٹیم حادثے کے کافی دیر بعد پہنچی، ان کے پاس آکسیجن بھی موجود نہیں تھی، بروقت ریسکیو کیا جاتا تو بچوں کی جانیں بچائی جاسکتی تھیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق جاں بحق ایک بچے کی عمر 8 سال جبکہ دوسرے کی عمر 12 سال ہے، بچوں کی شناخت بدر اور طلحہ کے نام سے ہوئی ہے۔ بچوں کو بچانے کے لیے کنویں میں اترنے والا نوجوان پلمبر تھا جس کی شناخت فیضان کے نام سے ہوئی ہے۔