کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں و کے ایم سی کی نا اہلی و ناقص کارکردگی اور حکمران پارٹیوں کی عوامی مسائل سے عدم دلچسپی کے باعث کراچی کے عوام پینے کے پانی، سیوریج، سڑکوں کی خستہ حالی، بجلی و گیس اور ٹرانسپورٹ کے مسائل کا شکار ہیں۔
منعم ظفر خان نے کہاکہ حب ڈیم بھرنے کے باوجود کیماڑی سمیت کراچی کے عوام کو پانی نہیں مل رہا، شہر میں ٹینکر مافیا کا راج ہے،منشیات کی خریدو فروخت بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور جرائم پیشہ عناصربھی وارداتوں میں مصروف ہیں، حکومت و متعلقہ ادارے منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کی منفی سرگرمیوں کی روک تھام میں ناکام ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھاکہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو حقیقی طور پر عوام کی ترجمان بنی ہوئی ہے اور عوامی مسائل کو اُٹھا رہی ہے، جماعت اسلامی کی ”حقوق کراچی تحریک“اور ”حق دو عوام کو تحریک“ جاری ہے اور یکم ستمبر سے ملک گیر ”عوامی رابطہ و ممبر شپ مہم“ کا بھی آغاز ہو گیا ہے، حافظ نعیم الرحمن نے پورے ملک کے عوام کو ایک مؤثر اور مکمل قومی ایجنڈا دیا ہے جس میں قومی سطح کے اہم ایشوز سمیت مقامی نوعیت کے مسائل کے حوالے سے بھی نکات موجود ہیں۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی کے عوام نے پہلے بلدیاتی انتخابات اور پھر عام انتخابات میں جماعت اسلامی پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا لیکن جس طرح بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن کی ملی بھگت سے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، ہماری جیتی ہوئی سیٹیں چھینی گئیں اور قبضہ میئر کو مسلط کیا گیا اسی طرح عام انتخابات میں بھی فارم 45کے بجائے جعلی فارم47کے ذریعے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو مسلط کر دیا گیا۔