بھارت میں سیلاب سے تباہی، 60 سے زائد افراد ہلاک

218

بھارت میں شدید بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب نے مغربی ریاست گجرات اور جنوبی ریاستوں آندھرا پردیش اور تلنگانہ کو بری طرح متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں اب تک 60 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق گجرات میں سب سے زیادہ 45 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں، جبکہ تلنگانہ میں 9 اور آندھرا پردیش میں 10 افراد سیلاب کی نذر ہو چکے ہیں۔

گجرات میں سیلاب کی سنگینی کے پیش نظر بھارتی فوج کو تعینات کر دیا گیا ہے، جو امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہے۔ فوجی اہلکار خصوصی آلات کے ساتھ چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں۔

آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی کارروائیاں تیز کرنے کا وعدہ کیا اور عوام کو حوصلہ بلند رکھنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا، “میری خواہش ہے کہ متاثرہ افراد بہادر بنیں۔”

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے ہلاک شدگان کے لواحقین کے لیے 5 لاکھ بھارتی روپے (تقریباً 5 ہزار 960 ڈالر) کے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس آفت کو ’قومی آفت‘ قرار دیا جائے۔

اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے بھی متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور کانگریس کے رہنماؤں اور کارکنوں سے امدادی سرگرمیوں کے لیے وسائل کو متحرک کرنے کی اپیل کی۔