کشمیر پر حکمت عملی تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر

148

مظفرآباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق کا کہنا ہے کہ ہمیں کشمیر کے معاملے پر حکمت عملی تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ حریت پسند کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی تیسری برسی کے موقع پر منعقد سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی نے مشکل ترین حالات میں کشمیر کی نمائندگی کی، کشمیر میں معصوم شہری آج بھی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں‘ کشمیر پر حکمت عملی تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، کشمیر کی آزادی کی تحریک کو محفوظ کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کا تعلق پاکستان کے دفاع سے اور پاکستان کے دفاع کا تعلق ایٹمی پروگرام کے ساتھ ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما راجا ظفر الحق کا کہنا تھا کہ کشمیر کے لیے پاکستان اپنا کردار ادا نہیں کر سکا، جب آپ کشمیر کے لیے عملی طور پر نکلیں گے ہی نہیں تو کشمیر کیسے آزاد ہو گا‘ مقبوضہ کشمیر میں جماعت اسلامی پر پابندی لگائی گئی، بنگلا دیش کے طالب علموں نے وہ کر دکھایا جو کوئی نہ کر سکا، بھارت اب بتانے کو بھی تیار نہیں کہ حسینہ واجد کو کہاں رکھا ہوا ہے۔ راجا ظفر الحق کا کہنا تھا کہ ہم بھارتی سفارت خانے گئے اور وہاں بھی کشمیرکے لیے آواز اٹھائی، تقریروں کے بجائے کوئی کمیٹی بنائیں تاکہ کشمیر پر کام شروع ہو سکے۔